اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس جاری ہے، جس کے دوران 21 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق کابینہ اجلاس کے دوران پاکستان، برطانیہ اور شمالی آئرلینڈ کے درمیان قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے جبکہ رسول خان اور وسیم اختر عرف موٹا کو حفاظتی تحویل میں لینے کی منظوری دیئے جانے کا امکان ہے۔ذرائع کے مطابق وزارت خارجہ اور نائیجیریا کے درمیان دوطرفہ معاہدہ بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔دوسری جانب اجلاس کے دوران ارکان پارلیمنٹ کی ٹیکس تفصیلات برائے 2017 کو شائع کرنے کی منظوری بھی دی جائے گی۔اس کے علاوہ اسٹیٹ بینک اور نیشنل بینک آف پاکستان کے درمیان معاہدے کی منظوری کے ساتھ ساتھ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ اتھارٹی کے سی ای او اور چئیرمین ٹریڈنگ کارپوریشن کی تعیناتی بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔اجلاس کے دوران لبرٹی ایئر لمیٹڈ کو اندرون ملک پروازوں کے لیے چارٹرڈ لائسنس کی منظوری بھی دی جائے گی۔ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ انجینئرنگ ڈویلپمنٹ بورڈ ازسرنو تنظیم سازی کے فیصلے کو واپس لینے کی منظوری بھی دے گی۔