Site icon روزنامہ کشمیر لنک

دفتر خارجہ نے آسیہ بی بی کی بیرون ملک روانگی کی خبروں کی تردید کردی

اسلام آباد: دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ آسیہ بی بی کی بیرون ملک روانگی سے متعلق خبر میں کوئی صداقت نہیں، وہ پاکستان میں ہی موجود ہیں۔سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں گزشتہ روز آسیہ بی بی کو ملتان جیل سے رہا کیا گیا تھا جس کے بعد خبریں سامنے آئی تھیں کہ وہ اپنے خاندان کے ہمراہ بیرون ملک روانہ ہوچکی ہیں۔تاہم ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے ہفتہ وار میڈیا بریفنگ کے دوران بتایا کہ آسیہ بی بی پاکستان میں محفوظ جگہ پر موجود ہیں اور ان کی بیرون ملک روانگی سے متعلق خبروں میں کوئی صداقت نہیں۔ترجمان کا کہنا تھا کہ آسیہ بی بی اب آزاد شہری ہیں اور عدالتی فیصلے کے بعد جہاں جانا چاہتی ہیں جا سکتی ہیں، آزاد شہری کی نقل و حرکت پر کوئی پابندی نہیں۔انہوں نے کہا کہ آسیہ بی بی کے خلاف نظر ثانی کی درخواست عدالت میں ہے اور قانونی طور پر اگر انہیں باہر جانے سے روکا جا سکتا ہے تو وزارت داخلہ اس حوالے سے بتا سکتی ہے۔دفتر خارجہ کے ترجمان نے آسیہ بی بی کی بیرون ملک روانگی کی خبروں پر کہا کہ میڈیا اس طرح کی خبروں سے پہلے تصدیق کر لیا کرے۔امریکی جیل میں قید پاکستانی شہری ڈاکٹر عافیہ صدیقی سے متعلق ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ اس حوالے سے امریکا سے بات ہوئی ہے تاہم رہائی سے متعلق کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔

Exit mobile version