ابوظہبی: نیوزی لینڈ کی پاکستان کے خلاف ابوظہبی ٹیسٹ کے تیسرے روز بیٹنگ جاری ہے اور کیویز نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 108 رنز بنالیے۔کیویز ٹیم نے اپنی دوسری اننگز کا آغاز 56 رنز ایک کھلاڑی آؤٹ سے دوبارہ کیا تو کپتان کین ولیمسن 27 اور جیت راول 26 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔دونوں بلے باز محتاط انداز اپناتے ہوئے اسکور کو آگے بڑھاتے رہے تاہم 86 کے مجموعے پر ولیمسن یاسر شاہ کا شکار بن گئے، وہ 37 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔اوپننگ بلے باز جیت راول اور روس ٹیلر نے بیٹنگ لائن کو سہارا دینے کی کوشش کی لیکن ٹیلر کی اننگز 19 رنز تک ہی محدود رہی جنہیں حسن علی نے آؤٹ کیا۔پاکستانی بولروں کے خلاف مزاحمت کرنے والے اجیت راول بھی 46 رنز پر ہمت ہار گئے، حسن علی نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3 شکار کیے جب کہ یاسر شاہ نے ایک وکٹ حاصل کی۔یاد رہے کہ نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 153 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی جس کے بعد قومی ٹیم بھی اپنی پہلی اننگز میں 227 رنز بناسکی تھی۔