Site icon روزنامہ کشمیر لنک

پاکستان جنوبی ایشیاء کا اہم ترین ملک ہے جس کی قوت نے خطے میں طاقت کے توازن کو برقرار رکھا ہوا ہے فاروق حیدر

کراچی(کشمیر لنک نیوز)آزادجموں وکشمیر کے وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ پاکستان جنوبی ایشیاء کا اہم ترین ملک ہے جس کی قوت نے خطے میں طاقت کے توازن کو برقرار رکھا ہوا ہے۔آئیڈیاز 2018 دفاعی نمائش میں ہتھیاروں کی نمائش دفاعی مقاصدکے لیے ہے ۔پاک فوج دنیا کی بہترین فوج ہے جس نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فتح حاصل کر کے دکھائی ہے۔پاکستان کے دفاعی سازوسامان کی دنیا میں بڑی مانگ ہے۔وزیراعظم نے ان خیالات کا اظہار کراچی میں آئیڈیاز 2018 دفاعی نمائش میں شرکت کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس سے پہلے وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان جب نمائش میں پہنچے تو اعلی عسکری حکام نے ان کا والہانہ استقبال کیا۔ وزیراعظم نے مختلف ممالک کے سٹالز کا دورہ بھی کیا۔انہوں نے کہا کہ خطے میں امن کے لیے قیمتی جانی اور مالی قربانیوں کا نذرانہ دینے والے شہداء پر فخر ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پرامن ملک ہے ہمارے ہتھیار دفاع کے لیے ہیں۔انہوں نے کہا کہ خطے کے مسائل جنگ سے نہیں بات چیت سے حل ہوں گے۔وزیراعظم نے دوٹوک لفظوں میں کہا کہ اگر بھارت امن چاہتا ہے تو اسے پاکستان کے ساتھ کشمیر پر مذاکرات کرنا ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ یہ مذاکرات کشمیریوں کی شرکت سے بارآور ثابت ہوں گے جس کا جنوبییشیائ جنوبی ایشیاء کے پورے خطے پر انتہائی مثبت اثر پڑے گا۔انہوں نے کہا کہ ہم ملکی سرحدوں کے دفاع اور انسداد دہشت گردی کے خلاف پرعزم کوششوں پر مسلح افواج کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو بھی چاہیے کہ وہ پاکستان کی کوششوں کو نظر انداز نہ کرے اور ان لازوال قربانیوں کا اعتراف کرے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مضبوط دفاعی صلاحیت خطے کے امن کی ضمانت ہے اس سے طاقت کا توازن برقرار رہتا ہے۔انہوں نے دفاعی ماہرین،انجینئرز،اور ٹیکنیشنز کی مہارتوں کو سراہا اور ان کے پرفیشنل ازم کی تعریف کی۔اس موقع پر وزیراعظم نے نمائش میں رکھے گئے اسلحہ کا معائنہ بھی کیا جبکہ وہاں موجود حکام نے انہیں مختلف ہتھیاروں کے بارے میں بریفنگ بھی دی۔وزیراعظم آزادکشمیر کو اس موقع پر شیلڈ بھی پیش کی گئی

Exit mobile version