Site icon روزنامہ کشمیر لنک

سردار خالد ابراہیم کی سیاسی ، سماجی وملی خدمات کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہیں فاروق حیدر

وزیر اعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدرخان نے کہا ہے کہ سردار خالد ابراہیم کی سیاسی ، سماجی وملی خدمات کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہیں ۔ سردار خالد ابراہیم کی رحلت ایک عظیم سانحہ ہے اوران کی وفات سے پیدا ہونے والا خلاء کبھی پورا نہ ہوگا ۔ا نکا تعلق آزادکشمیر کے ایک بہادر اور جری سدھن قبیلہ سے تھاجس نے مہاراجہ کشمیر کے خلاف عملی طور پر جہاد میں حصہ لیا اور تحریک آزادی کشمیرمیں اہم کردار ادا کیا۔ سردار خالد ابراہیم نے اپنی شناخت بنانے کے لئے اپنے والد محترم کا سہارا نہیں لیا بلکہ اپنی شبانہ روز محنت سے اپنا مقام خود پیدا کیا۔انہوں نے کہاکہ سردار خالد ابراہیم نے آزادکشمیر میں بحالی جمہوریت کے لئے شروع کی گئی تحریک میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور کئی بار قید وبند کی صعوبتیں برداشت کیں۔ان خیالات کااظہار انہوں نے سپیکر شاہ غلام قادر کی زیر صدارت آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کے جمعہ کے روز ہونے والے اجلاس قرارداد پیش کرتے ہوئے کیا ۔ قائد ایوان نے کہا کہ سردار خالد ابراہیم نے ایمانداری اور دیانتداری کی اعلیٰ مثال قائم کی اور بحیثیت ممبر اسمبلی آزادکشمیر میں اصول پسندی، میرٹ کی بالادستی ، سستے اور فوری انصاف کی فراہمی اور عوام کے حقوق ان کی دہلیز پر پہنچانے کے لئے ایک موثر کردار ادا کیااور عہدوں کو اصولوں پر کبھی فوقیت نہیں دی ۔انہوں نے کہاکہ انکا یہ کردار تاریخ میں ہمیشہ سنہری حروف سے لکھا جائے گا اور صدیوں تک یاد رکھا جائے گا۔

Exit mobile version