لندن : ممبر آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی و سجادہ نشین درگاہ بساہاں شریف ،مبلغ و اسکالر اسلام پیر علی رضا بخاری نے کہا کہ بھارت نے کشمیریوں کو ان کے حق خود ارادیت سے محروم رکھ کر اپنے اپ کو ہندو انتہا پسند ریاست ثابت کیا ہے عالمی برادری اقوام متحدہ کی پانچ جنوری 1949 کی قرارداد پر عملدرآمد کے لئے ہندوستان پر دبا ڈالے۔سال 2018 کشمیریوں کے لیے ایک اور بھیانک سال تھا جب قابض بھارتی افواج نے کشمیریوں کے قتل عام کے علاوہ پیلٹ گنوں سے سیکڑوں کشمیریوں کو بینائی سے محروم کیا،خطہ میں امن اور خوشحالی کے لئے مسئلہ کشمیر کا حل ضروری ہے جس کے لئے صوفیا کی تعلیمات سے رہنمائی حاصل کی جا سکتی ہے۔ پاکستان کی ترقی میں اوورسیز پاکستانیوں نے ہمیشہ بڑھ چڑھ کر کردار کیا جبکہ وطن کو درپیش موجودہ چیلنجز سے نکالنے کے لئے اب مزید ایسا کردار درکار ہے،آزاد کشمیر میں ترقی بلا تخصیص اور بے رحمانہ احتساب کے بغیر ممکن نہیں۔ گذشتہ روز مقامی ہوٹل میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پیر علی رضا نے کہا کہ انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والی ایک غیر سرکاری تنظیم جموں اینڈ کشمیر کولیشن سول سوسائٹی کے اعداد و شمار کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں سنہ 2018میں 586 افراد جان سے گئے ان میں 267 حریت پسند،160 شہری جن میں 31 بچے بھی شامل تھے شہیدہوئے۔ باقی ہلاک والوں کا تعلق سکیورٹی فورسز اور فوج سے تھا انہوں نے کہا تشدد کسی مسئلے کا حل نہیں قابض بھارتی فوجی حکام اس بات کا اعتراف کرتے ہیں کشمیر میں مزید سختیاں کرنے سے حالات مزید خراب ہو ں گے اور زیادہ سے زیادہ نوجوان شدت پسندی پر مائل ہوں گے۔اس لئے ضرورت اس امر کی ہے کہ بھارت مسئلہ کشمیر پر اپنی روایتی ہٹ دھرمی کو ترک کرے اور اس مسئلہ کے پرامن حل کے لئیحکومت پاکستان کے ساتھ بامقصد مذاکرات کرے جس میں کشمیریوں کو بھی نمائندگی دی جائے ۔انہوں نے کہا کہ انتہاپسندی کے خاتمہ اور امن ،رواداری اور محبت کے فروغ کے لئے معاشرے کے تمام طبقات کو اپنے قومی سلامتی کے اداروں کے ساتھ مل کر فعال کردار ادا کرنا ہو گا۔ امن ہو گا تو معاشی اور اقتصادی ترقی طور پر ملک ترقی کرے گا ایک سوال پر پیر علی رضا بخاری نے کہا کہ ازاد کشمیر میں کرپش نے تمام اداروں کو مفلوج اور عوام کو بے بس کردیا ہے ضرورت اس امر کی ہے کہ نیب کا دائرہ آزاد کشمیر تک بڑھایا جائے اور کرپشن میں ملوث تمام عناصر کا کڑا احتساب کیا جائے۔