Site icon روزنامہ کشمیر لنک

نیلم ڈویلپمنٹ بورڈ میں کی گئی تقرریوں کو غیر آئینی قرار

مظفرآبادعدالت العالیہ آزاد جموں وکشمیر نے نیلم ڈویلپمنٹ بورڈ میں کی گئی تقرریوں کو غیر آئینی قرار دیتے ہوئے چیئرمین بورڈ کو تین ماہ کے اندر رولز فریم کر کے تحت ضابطہ تقرریاں کرنے کا حکم دیدیا ۔جسٹس رضا علی خان پر مشتمل عدالت العالیہ کے سنگل بینچ نے نیلم ڈویلپمنٹ بورڈ کے ملازمین کی جانب سے دائر کردہ رٹ پٹیشن پر سماعت کے بعد فیصلہ میں قرار دیا ہے کہ گڈ گورننس کا تقاضا ہے کہ کسی بھی ادارے میں ملازمین قانون و قواعد کے مطابق عام شہریوں کو اشتہار کے ذریعے آگاہی کے بعد شفاف انداز میں میرٹ پر بھرتی کیے جائیں ۔اس موقع پر ریمارکس دیتے ہوئے جسٹس رضا علی خان نے کہا کہ نیلم ڈویلپمنٹ بورڈ لوگوں کی فلاح بہبود اور نیلم ویلی کی معاشی اور سماجی ترقی کے نظریے پر قائم کیا گیا تھا جسے حکمران جماعتوں اور بیوروکریسی نے اپنے من پسند لوگوں کو بھرتی کرنے کی فیکٹری میں تبدیل کر دیا ہے ۔نیلم ڈویلپمنٹ بورڈ میں ایکٹ کے بغیر اور رولز بنائے بغیر کی جانے والی جملہ تقرریاں قابل منسوخی ہیں ۔فیصلہ میں قرار دیا ہے کہ نیلم بورڈ میں ملازمین کو بدوں قواعد و بدوں آسامی بھرتی کیا گیا ہے جو شہریوں کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے اس طرح کی تقرریوں کو آئین /عدالت تحفظ نہیں دے سکتی ۔فیصلہ میں کہا گیا کہ نیلم بورڈ ریاستی ادارہ ہے جس میں بھرتیوں کا طریقہ کار باقی اداروں کیلئے رول ماڈل ہونا چاہئیے تھا لیکن بورڈ ایسا کرنے میں ناکام رہا ہے ۔فیصلہ میں کہا گیا ہے کہ ادارہ پر شہریوں کا اعتماد اسی صورت میں قائم رکھا جاسکتا ہے جب معاملات شفافیت سے چلائے جائیں ۔فیصلہ کی کاپی چیف سیکرٹری اور چیئرمین بورڈ کو عملدرآمد کیلئے بھیج دی گئی ۔

Exit mobile version