Site icon روزنامہ کشمیر لنک

“پاکستان کے نیوکلیئر کی ہوا نکل گئی”

نئی دہلی …ہندوستانی وزیراعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ پاکستان کی جانب سے جوہری حملوں کی دھمکیوں کو بے اثر کردیا ہے۔ بالا کوٹ میں پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کے حوالہ دیتے کہا کہ پاکستان ہر وقت نیوکلیئر نیو کلیئر کر کے دھمکاتا رہتا تھا ۔ ان کے نیوکلیئر کی ہوا نکل گئی ۔ انہوں نے سوال کیا کہ ” ہوا نکال دی یا نہیں “ ۔ جس پر عوام نے مودی ،مودی کے نعرے لگا کر جواب دیا ۔
اے ایف پی اور انڈین ویب سائٹس کے مطابق جموں کے علاقے کھٹوعہ میں انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فروری میں ہندوستانی طیاروں کے پاکستانی حدود میں داخل ہو کر حملہ کرنے سے ثابت ہو گیا کہ کشیدگی میں اضافے سے پاک وہند کے درمیان جوہری تصادم کے خطرے کی باتیں غلط تھیں۔
مودی نے کہا کہ کانگریس کہہ رہی ہے کہ کشمیر میں حالات خراب کرنیوالوں سے بغیر شرط بات کریں گے ۔ میں پوچھتا ہوں ایسی کیا مجبوری ہے ، کس لالچ میں یہ بات کی جا رہی ہے ۔ انتخابات میں کس نے ان کی مدد کا وعدہ کیا ہے ۔ کیا کوئی محب وطن اس طرح کی بات کر سکتا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ عوام جاگ جائیں اور کانگریس سے کوئی امید نہ رکھیں ۔ آزادی سے پہلے والی کانگریس الگ اور گاندھی کے بعد والی کانگریس الگ ہے ۔ اس کانگریس کے خون میں جراثیم گھس گئے ہیں ۔

Exit mobile version