ورلڈ کپ کے لیے قومی ٹیم میں فٹنس ٹیسٹ میں فیل ہونے والے کھلاڑیوں کی شمولیت کا بھی قوی امکان ہے۔پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے کہا تھا کہ ورلڈ کپ کی ٹیم منتخب کرتے وقت فٹنس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا لیکن لاہور میں فٹنس ٹیسٹ میں تین ایسے کھلاڑی ناکام رہے جن کا پاکستان ٹیم میں شمولیت کے لئے امکان روشن ہے۔ورلڈ کپ کے لیے پاکستانی کرکٹ ٹیم کی سلیکشن میں کیا واقعی فٹنس ہی اصل پیمانہ ہو گی اور مقررہ معیار کی فٹنس حاصل کرنے والے کھلاڑی کو 15 رکنی ٹیم میں جگہ ملے گی یا ان فٹ کھلاڑی بھی لندن کی فلائٹ کا ٹکٹ حاصل کر سکیں گے۔تاہم اس بات کے امکانات دکھائی دے رہے ہیں کہ کچھ لو کچھ دو کی بنیاد پر سلیکشن میں سمجھوتہ ہوجائے گا، آل راونڈر عماد وسیم اور اوپنر عابد علی فٹنس ٹیسٹ میں ناکام رہے لیکن دونوں پاکستانی ٹیم میں شمولیت کے لیے مضبوط امیدوار دکھائی دے رہے ہیں۔عماد وسیم نے یویو ٹیسٹ میں شرکت نہیں کی، بدھ کو جب لاہور میں کھلاڑی سیڑھیاں چڑھ رہے تھے اس وقت عماد وسیم کو لنگڑاتے ہوئے دشواری کا سامنا تھا، ان کی فوٹیج دیکھ کر لگ رہا تھا کہ وہ وہ مکمل فٹ نہیں ہیں۔