Site icon روزنامہ کشمیر لنک

ورلڈ کپ اسکواڈ میں جگہ نہ بنانے پر وہاب ریاض اور کامران اکمل کا شکوہ

لاہور: ورلڈ کپ اسکواڈ میں شامل نہ ہونے والے بلے باز کامران اکمل کا کہنا ہے کہ سلیکٹرز اور کوچز سے جواب مانگیں کہ ڈومیسٹک کرکٹ میں پرفارم کرنے والے کھلاڑیوں کو اسکواڈ میں شامل کیوں نہیں کیا گیا۔گزشتہ روز ایک تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے کامران اکمل کا کہنا تھا کہ فواد عالم، وہاب ریاض اور محمد عرفان مسلسل ڈومیسٹک کرکٹ میں پرفارم کر رہے ہیں مگر سلیکٹرز کو نظر نہیں آرہا، سلیکٹرز کو چاہیے کہ کسی کھلاڑی کو ایک دم سے باہر نہ کریں۔انہوں نے کہا کہ پی سی بی کو سلیکٹرز اور کوچز سے جواب مانگنا چاہیے کہ کھلاڑی باہر کیوں ہیں، مجھے ایسا لگتا ہے کہ میں پاکستان میں نہیں بیرون ملک پرفارم کرتا ہوں۔عمر اکمل کی پرفارمنس پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا عمر اکمل اور عدنان اکمل کے ساتھ بہت ناانصافی ہوئی ہے، ان کی کرکٹ ابھی ختم نہیں ہوئی۔پاکستان ٹیم کی ورلڈکپ میں کارکردگی سے متعلق کامران اکمل کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ میں قومی ٹیم ٹاپ تھری میں پہنچنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔دوسری جانب فاسٹ بولر وہاب ریاض نے پی سی بی سے شکوہ کیا کہ ہر کھلاڑی پورا سال محنت کرتا ہے اور پھر ورلڈ کپ اسکواڈ میں شامل نہ ہونے پر دکھ ہوتا ہے تاہم ورلڈکپ میں مجھے سلیکٹ نہ کرنے کا سوال سلیکشن کمیٹی سے پوچھا جائے۔انہوں نے کہا کہ کرکٹ میں اچھا اور برا وقت آتا رہتا ہے، ٹیم میں جب بھی موقع ملا اچھا پرفارم کروں گا۔وہاب ریاض کا مزید کہنا تھا کہ ورلڈکپ کے لیے سب سے مضبوط ٹیم انگلینڈ ہے لیکن پاکستان کے پاس اچھی پرفارمنس دکھانے کا بہترین موقع ہے۔

Exit mobile version