Site icon روزنامہ کشمیر لنک

واٹس ایپ ہیک ہونے کی تصدیق، اسرائیلی کمپنی پر الزام

واٹس ایپ نے اعتراف کیا ہے کہ ایک اسرائیلی کمپنی نے اس کی ایپ کی سیکیورٹی کی ایک بڑی خامی کا فائدہ اٹھا کر صارفین کے فونز اور دیگر ڈیوائسز کے پیغامات اور دیگر معلومات تک رسائی حاصل کی۔فیس بک کی ملکیتی کمپنی واٹس ایپ کا کہنا ہے کہ اس حملے کا نشانہ مخصوص صارفین تھے تاہم اس معاملے کو گزشتہ جمعے کو حل کیا جا چکا ہے۔فنانشل ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق یہ حملہ اسرائیلی سیکیورٹی فرم این ایس او گروپ نے کیا یہی وجہ ہے کہ گزشتہ ہفتے واٹس ایپ نے اپنے ڈیڑھ ارب صارفین کو ایپ کو احتیاطی تدبیر کے طور پر اپ ڈیٹ کرنے کی ہدایت کی۔حملہ آوروں نے مخصوص صارفین کی ڈیوائسز پر نگرانی کا سافٹ وئیر انسٹال کرنے کے لیے واٹس ایپ وائس کالنگ فیچر کو استعمال کیا لیکن اہم بات یہ ہے کہ کال کے جواب نہ دینے کی صورت میں بھی سافٹ وئیر ڈیوائسز پر انسٹال ہو سکتا تھا اور اس قسم کی کال ڈیوائس کی کال ہسٹری سے بھی غائب ہو جاتی تھی۔واٹس ایپ نے بی بی سی کو بتایا کہ ان کی سیکیورٹی ٹیم نے سب سے پہلے اس خامی کو پکڑا اور یہ معلومات انسانی حقوق کی تنظیموں، منتخب شدہ سیکیورٹی وینڈرز اور امریکی محکمہ انصاف سے رواں مہینے شیئر کیں۔این ایس او کا سافٹ وئیر “پیگاسز” کسی بھی ڈیوائس سے ڈیٹا لے سکتا ہے جس میں مائیکرو فون، کیمرہ کا استعمال اور لوکیشن بھی شامل ہے۔

Exit mobile version