لبریشن فرنٹ کی تہاڑ جیل میںنظربند یاسین ملک کے ساتھ روا رکھے جانے والے غیر انسانی سلوک کی شدید مذمت، یاسین ملک کی بگڑتی ہوئی صحت پر تشویش کا اظہار
انسانی حقوق کے عالمی ادارے نظربند کشمیریوںکی حالت زار کا نوٹس لیں اور ان کی جان بچانے کے لیے اقدامات کریں،ترجمان جے کے ایل ایف
سرینگر مقبوضہ کشمیر میںجموںو کشمیر لبریشن فرنٹ نے نئی دہلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں نظربند پارٹی چیئرمین محمد یاسین ملک کے ساتھ روا رکھے جا نے والے غیر انسانی سلوک کی شدیدمذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ محمد یاسین ملک کو علالت کے باوجودصحت کی بنیادی سہولیات سے محروم رکھا جارہا ہے ۔ لبریشن فرنٹ کے ترجمان محمد رفیق ڈار نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں یاسین ملک کی بگڑتی ہوئی صحت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سے نہ صرف ان کے اہل خانہ بلکہ کشمیری عوام بھی پریشا نی اور اضطراب میں مبتلا ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جیل میں ڈاکٹروں کی عدم دلچسپی کی وجہ سے محمد یاسین ملک کی ایک آنکھ بھی انفیکشن میں مبتلا ہے۔ انہوں نے بھارتی حکومت کو خبردار کیا کہ اگرمحمد یاسین ملک کے ساتھ یہی رویہ جاری رکھا گیا تو بھارت کے خلاف احتجاجی تحریک شروع کی جائے گی اوربھارتی حکومت کا اصل چہرہ دنیا کے سامنے لایا جائے گا ۔ ترجمان نے دنیا بھر میں مقیم پارٹی رہنمائوں اورکارکنوں سے اپیل کی کہ وہ صبر وتحمل سے کام لیں اور پارٹی قیادت کے فیصلے کا انتظار کریں۔ ترجمان نے کہاکہ تہاڑ جیل میں یاسین ملک کے ساتھ عام قیدیوں سے بھی برا سلوک کیا جارہا ہے جو قابل مذمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی قیدیوں کو ان کے حقوق دیناحکومت وقت کا فرض ہے لیکن یہاں یاسین ملک سمیت تمام نظربند کشمیری رہنمائوں کو بنیادی حقوق سے محروم رکھا جارہا ہے جو انسانی حقوق کی سنگین پامالی ہے ۔ انہوں نے اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن، ایمنسٹی انٹر نیشنل، ایشیا واچ اور انسانی حقوق کی دیگر مقامی اور بین الاقوامی تنظیموںسے اپیل کی کہ وہ محمد یاسین ملک سمیت جیلوں میں نظربند کشمیری حریت پسندوں کی حالت زار کا نوٹس لیں اور ان کی جان بچانے کے لیے فوری اقدامات کریں۔