ڈرہم: کرکٹ ورلڈکپ 2019 کی میزبان ٹیم انگلینڈ کی انتہائی اہم میچ میں نیوزی لینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ جاری ہے ۔ڈرہم کے ریور سائڈ گراؤنڈ میں آج کھیلے جارہے میچ میں انگلش ٹیم کے کپتان اوئن مورگن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، آج کے میچ کی فاتح ٹیم سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر جائے گی۔ورلڈکپ کے سیمی فائنل مرحلے کے لیے آسٹریلیا اور بھارت کی ٹیمیں پہلے ہی کوالیفائی کرچکی ہے اور مزید 2 ٹیموں کو سیمی فائنل میں جگہ بنانی ہے۔انگلش ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی جب کہ کیویز ٹیم میں ٹم ساؤتھی اور میٹ ہینری کی واپسی ہوئی ہے۔گزشتہ 5 ورلڈکپ مقابلوں کا جائزہ لیا جائے تو دونوں ٹیمیں 5 بار مدمقابل آئیں اور پانچوں مرتبہ نیوزی لینڈ نے انگلینڈ کو شکست دی۔انگلینڈ اور نیوزی لینڈ دونوں ہی ٹیموں کو شکست کی صورت میں سیمی فائنل میں پہنچنے کے لیے پاکستان کے میچ پر انحصار کرنا ہوگا جب کہ لازمی فتح کے علاوہ پاکستان کا فائنل فور میں جانے کا دار و مدار نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے درمیان ہونے والے میچ پر بھی ہے۔