سڈنی: آسٹریلوی حکام نے بہت زیادہ پانی پینے کی وجہ سے 10 ہزار اونٹوں کو قتل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ آسٹریلوی حکام اونٹوں کو قتل کرنے کی 5 روزہ مہم کا آغاز9 جنوری سے کریں گے جس کی وجہ ان کا بہت زیادہ پانی پینا بتائی گئی ہے۔میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ آسٹریلوی حکام اس منصوبے پر عملدرآمد کے لیے ہیلی کاپٹر استعمال کریں گے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ میں بتایا گیا ہےکہ اونٹوں کی قتل کرنے کی ایک وجہ خشک سالی بھی ہے۔آسٹریلیا کی مقامی حکومت کی ایک خاتون عہدیدار کا کہنا تھا کہ اونٹ ہمارے معاشرے میں مسائل پیدا کررہے ہیں، ہم شدید تعفن اور مشکل حالات میں گھِر گئے ہیں جس کی وجہ سے ہم پر برے اثرات پڑرہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اونٹوں کی بڑی تعداد گھروں کے اطراف آرہی ہے اور گھروں کے باہر لگی باڑوں کو دھکیل کر ائیرکنڈیشنر کا پانی بھی پینے کی کوشش کرتی ہے۔واضح رہےکہ آسٹریلیا کے جنگلات میں نومبر سے لگی آگ پر قابو نہیں پایا جاسکا ہے جس میں اب تک 480 ملین جانوروں سمیت 20 سے زائد افراد بھی ہلاک اور ہزاروں بے گھر ہوچکے ہیں۔