باغ: مسلم لیگ ن کے چیف آرگنائزر وزیر اطلاعات ،سیاحت ،سپورٹس و امور نوجوانان راجہ مشتاق احمد منہاس نے کہا ہے کہ مودی ،بھارتی معاشرے اور ہندو قوم پرستی سے متعلق یورپی یونین کی رپورٹ پر اب دنیا کی آنکھیں کھل جانی چاہئیں۔اپنے خصوصی بیان میں وزیر اطلاعات نے کہا کہ رپورٹ میں واضح طور پر کہا گیا ہے کہ کس طرح بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے مذہبی جنونیت کا لبادہ اوڑھ کر قوانین تبدیل کئے اور اقلیتوں کا جینا حرام کیا۔انہوں نے کہا کہ کشمیری پہلے ہی مودی کیسفاکانہ اور جابرانہ ہتھکنڈوں کا سامنا کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ ہندوستان میں اقلیتوں کے خلاف تشدد اور امتیازی سلوک میں اضافہ ہوا ہے جبکہ مودی نے ہندوستان کے سیکولر بنیادوں کو بھی نقصان پہنچایا ہے۔انہوں نے کہا کہ رپورٹ میں مودی حکومت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوے کہا گیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال ،ہندو توا کے تناظر میں اسکی خصوصی حیثیت کے خاتمے اور وہاں ہزاروں سیاسی کارکنوں اور رہنماوں کی گرفتاریاں ہندو جنونیت کی عکاس ہیں۔انہوں نے کہا کہ رپورٹ کے مطابق مودی نے ہندو قوم ہرستی کو ہوا دی ہے جس سے معاشرے کے بنیادی سٹرکچر کو نقصان پہنچا ہے۔انہوں نے کہا کہ رہورٹ کے مطابق ہندوستان انٹرنیٹ سروس کو بارہا معطل کرتا رہا ہے جبکہ مودی حکومت نے شہریت کے نئے قوانین متعارف کروا کر مسلمانوں کی شناخت کو نشانہ بنایا ہے۔وزیر اطلاعات نے بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ یورپی یونین کی اس رپورٹ کے تناظر میں بھارت پر دباو ڈالے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں مظالم کا سلسلہ بند کرتے ہوے کشمیری عوام کو ان کا حق خودارادیت دے جس کا اسنے عالمی ادارے اقوام متحدہ سے وعدہ کر رکھا ہے۔