Site icon روزنامہ کشمیر لنک

‘تیزاب چہرے پر ڈالنا چاہتی تھی مگر جلد بازی میں کامیاب نہ ہو سکی’

مظفرآباد کی سٹی پولیس نےخاتون پر تیزاب پھینکنے والی ملزمہ کو گرفتار کرلیا۔

سب انسپکٹر سہراب خان ،تفتیشی آفیسر محمد اقبال اور ڈی ایف سی اورنگزیب نے خاتون ملزمہ کو ٹریس کرکے 5 گھنٹوں کے اندر گرفتار کیا۔

ہفتہ کے روز طارق آباد کی رہائشی خاتون حمیرا زوجہ نوید احمد کو ملزمہ سائرہ زوجہ محمد وقار ساکنہ رنجاٹہ نے برقعہ پہن کر اس وقت تیزاب چھڑک دیا تھا۔

جب وہ کاسمیٹکس شاپ مدینہ مارکیٹ سے چھٹی کے بعد گھر واپس آرہی تھی کہ مدینہ مارکیٹ سے ہی ایک برقعہ پوش مکمل نقاب میں نامعلوم خاتون اس کاپیچھا کررہی تھی۔

جب وہ محلہ شاہناڑہ پہنچی تو ملزمہ نے موقع پا کر تیزاب اسکی جانب پھینک دیا۔

خاتون کے چلانے پر ملزمہ فرار ہوگئی اور ملزمہ نے نہایت چالاکی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مضروبہ کا موبائل بھی چھین لیا تاکہ وہ کسی سے رابطہ نہ کرسکے۔

سٹی پولیس کے ایس ایچ او راشد حبیب کی تشکیل کردہ پولیس ٹیم نے شہر میں نامعلوم ملزمہ کی تلاش شروع کردی اور 5 گھنٹے کے اندر ٹریس کرکے ملزمہ کو ترکی چوک سے گرفتار کرلیا۔

ملزمہ نے اعتراف جرم کرتے ہوئے بتایا کہ اس کی بیٹی کی منگنی تھی اور مضروبہ جو بیوٹیشن ہے نے اسکی بیٹی کے میک اپ سے انکار کرتے ہوئے طعنہ زنی کی تھی جس سے وہ بہت دلبرداشتہ تھی اور تہیہ کیا تھا کہ جن ہاتھوں سے یہ میک اپ کرتی ہے انکو جلاوں گی۔ اسی منصوبے کے تحت برقعہ اور تیزاب خریدا اور حملہ کیا۔

سٹی پولیس کے ایس ایچ او نے بتایا کہ ملزمہ کے خلاف اے پی سی کی دفعہ 336-بی کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے جو سٹی پولیس کی زنانہ حوالات میں پابند ہے۔

Exit mobile version