وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے سانحہ مری میں جاں بحق افراد کی مالی امداد کا اعلان کردیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے جاں بحق افراد کے لواحقین کے لیے فی کس 8 لاکھ روپے کی مالی امداد کا اعلان کیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ جاں بحق افراد کے لواحقین کو ایک کروڑ 76لاکھ روپے کی مالی امداد دی جائے گی البتہ مالی امداد کسی زندگی کا مداوا نہیں۔
دوسری جانب عثمان بزدار نے مری کے برفباری سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور سانحے کے ذمے داروں کے تعین کے لیے ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ کی سربراہی میں کمیٹی بھی تشکیل دی جب کہ مر ی کوضلع کا درجہ دینے کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ مری میں 2 نئے تھانوں اور 2 پارکنگ پلازے بنانے کی منظوری دی گئی، عثمان بزدار نے مری میں اوور چارجنگ کرنے والے ہوٹلوں کے خلاف کارروائی کا حکم بھی دیا۔
سانحہ مری کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ وزیراعلیٰ کو پیش کردی گئی ہے جس میں بتایا گیا کہ 7 جنوری کو مری میں 16 گھنٹے میں 4 فٹ برف پڑی، 3 جنوری سے 7جنوری تک ایک لاکھ 62 ہزارگاڑیاں مری میں داخل ہوئیں۔ رپورٹ کے مطابق برفباری کے دوران گاڑیوں میں بیٹھے 22 افرادکاربن مونو آکسائیڈ سے جاں بحق ہوئے، 16 مقامات پر درخت گرنے سے ٹریفک بلاک ہوئی جب کہ مری جانے والی 21 ہزارگاڑیاں واپس بھجوائی گئیں۔
ابتدائی رپورٹ پروزیراعلیٰ نے مری میں گنجائش سے زیادہ گاڑیوں کی آمد پر برہمی کا اظہار کیا۔