Site icon روزنامہ کشمیر لنک

سانحہ لنجوٹ بھارتی دہشتگردی کی بدترین مثال ہے

سانحہ لنجوٹ

وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا ہے کہ سانحہ لنجوٹ بھارتی بربریت دہشت گردی اور انسانیت کے قتل عام کی بدترین مثال ہے۔

22سال قبل قابض بھارتی افواج نے نکیال سیکٹر کے گاؤں لنجوٹ میں ایک گھر میں گھس کر خواتین اور بچوں سمیت 14افراد کو انتہائی بے دردی سے قتل کیا اور 4افراد کے سر کاٹ کر اپنے ساتھ لے گئے قابض بھارتی فوج مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیاں کر رہی ہے اور مقبوضہ کشمیر میں جنگی جرائم کا ارتکاب کر رہی ہے۔

ہندوستان آج بھی مقبوضہ کشمیر سمیت لائن آف کنٹرول پر آزاد کشمیر کی سویلین آبادی کو اپنی جارحیت اور بربریت کا نشانہ بنا رہی ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے شہداء لنجوٹ کی 22ویں برسی کی مناسبت سے اپنے ایک خصوصی بیان میں کیا۔

وزیراعظم سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا کہ سانحہ لنجوٹ قابض بھارتی فوج کی دہشت گردی کی بدترین مثال ہے جب ایل او سی پر واقع ایک گھر کے 14نہتے افراد کو انتہائی بہیمانہ طریقے سے قتل کیا گیا اور 14میں سے 4شہداء کے سر کاٹ کر بھارتی فوجی اپنے ساتھ لے گئے شہداء لنجوٹ کی برسی سرکاری سطح پر منائی جا رہی ہے آج کے دن پوری قوم اس عزم کا اعادہ کرتی ہے کہ بھارت سے آزادی کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا ہندوستان جبر و تشدد،دہشت گردی اور انسانیت کے خلاف جرائم کا ارتکاب کر کے جدوجہد آزادی کو دبانے میں کامیاب نہیں ہو گا جب تک ایک بھی کشمیری زندہ ہے جدوجہد آزادی جاری رہے گی وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ شہداء لنجوٹ کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی۔انشاء اللہ وہ دن دور نہیں جب مقبوضہ کشمیر بھارتی استبداد سے آزاد ہو گا اور کشمیری عوام آزادی کی سانس لیں گے۔

Exit mobile version