بالی وڈ اداکار سلمان خان کی فلم ’ٹائیگر زندہ ہے‘ کے ٹریلر کو ریلیز کے چند ہی گھنٹوں میں لاکھوں افراد نے دیکھ لیا۔
سلمان خان اور کترینہ کیف 5 سال کے وقفے کے بعد 2012 کی فلم ’ایک تھا ٹائیگر‘ کے سیکوئل ’ٹائیگر زندہ ہے‘ میں ایک ساتھ نظر آئیں گے۔
فلم کی ہدایت کاری کے فرائض علی عباس ظفر نے سر انجام دیئے ہیں جو کہ اس سے قبل ’سلطان‘ میں بھی سلمان کے ساتھ کام کرچکے ہیں۔
دبنگ خان کی ’ٹائیگر زندہ ہے‘ رواں سال کی ایک بڑی فلم تصور کی جا رہی ہے جس کا فلم بین بڑی شدت سے انتظار کررہے ہیں۔
اس فلم کی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ اس کے ٹریلر کو ریلیز کے چند ہی گھنٹوں (اس خبر کے شائع ہونے تک) میں مجموعی طور پر 55 لاکھ سے زائد مرتبہ دیکھا جا چکا ہے۔
فلم کے ٹریلر کو یوٹیوب پر 15 لاکھ سے زائد مرتبہ جب کہ سلمان خان اور اداکارہ کترینہ کیف کے فیس بک اکاؤنٹ پر اسے 40 لاکھ سے زائد بار دیکھا گیا۔