نمک محض کھانے میں ہی استعمال نہیں ہوتا بلکہ اسکے دیگر بے شمار استعمالات بھی ہیں۔
کپڑا جلنے سے استری پر لگنے والے داغ کسی بڑی مصیبت سے کم نہیں لیکن انہیں اتارنے کے لئے نمک سے بہتر کوئی حل نہیں۔ میز پر نمک کی تہہ بچھا کر اس پر استری رگڑنا شروع کردیں اور کچھ دیر بعد اس پر لگے داغ صاف ہوجائیں گے۔ نمک پر رگڑنے کے بعد اسے اخبار یا کپڑے کے ساتھ اچھی طرح صاف کرلیں۔
اگر کسی جگہ انڈہ گرنے سے داغ لگ جائیں تو اس پر نمک چھڑک دیں اور10 سے 15 منٹ کے لئے چھوڑ دیں، اس کے بعد اخبار یا کسی اور موٹے کاغذ سے اسے صاف کردیں۔
اگر برتن میں کھانا جل جائے تو اس میں نمک اور پانی کا محلول ڈال کر اسفنج کے ساتھ صاف کریں، سب داغ باآسانی صاف ہوجائیں گے۔
اگر جلے ہوئے برتنوں کی صفائی کے بعد اسفنج کا برا حال ہوگیا ہے تو اسے نمک اور پانی کے محلول میں ڈال کر رات بھر رکھ چھوڑیں۔ صبح اسے انتہائی آسانی کے ساتھ صاف کرسکتے ہیں۔
باتھ ٹب میں لگے ضدی داغوں کو صاف کرنے کے لئے تارپین کے تیل اور نمک کا محلول استعمال کریں، یہ انتہائی کارگر ہے۔
واش بیسن میں پانی کے اخراج کی جگہ پر جمع ہونے والی میل اور داغوں کی صفائی کے لئے اس پر نمک ڈالیں اور اس کے 15 منٹ بعد تھوڑا سا سرکا ڈالیں، یہ بالکل صاف ہوجائے گا۔ اگر اس کے بعد گرم پانی بھی ڈال دیں تو مکمل صفائی ہوجائے گی۔