سابق صدر مملکت اور پیپلزپارٹی کے شریک چیرمین آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ موجودہ حالات میں نواز شریف سے ملاقات یا تعاون ملک سے دشمنی جیسا ہوگا۔
اسلام آباد میں پارٹی رہنماؤں سے گفتگو کے دوران آصف زرداری کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے اپنا جمہوریت دشمن ایجنڈا خود ہی بے نقاب کردیا ہے اور پیپلز پارٹی جمہوریت کے خلاف نواز شریف کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہونے دیگی۔
سابق صدر نے کہا کہ نوازشریف نے عدلیہ کو بلیک میل کرنے کی کوشش کی اور ناکامی پر معزز ججوں پر ذاتی حملے شروع کر دیے ہیں جب کہ عدالتی فیصلے کو ججوں کا غصہ اور بغض قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ اس سے قبل نواز شریف نے فوج کو اپنا غلام بنانے کی کوشش کی لیکن کامیابی نہ ہوئی جس پر انہوں نے وزیروں کو فوج کے خلاف صف آرا کیا۔
آصف زرداری نے کہا کہ نواز شریف اپنے آپ کو قانون اور احتساب سے بالاتر سمجھتے ہیں اور انہوں نے ججوں پر حملہ کر کے اپنا نامعلوم ایجنڈا سب کے سامنے رکھ دیا، عدلیہ پر حملہ آئین پر حملہ ہے اور آئین پر حملہ جمہوریت پر حملے کے مترادف ہے۔
پیپلز پارٹی کے شریک چیرمین نے کہا کہ وہ کبھی جمہوریت کے خلاف کسی سازش کا حصہ نہیں بنیں اور نہ بنیں گے، قوم جان لے کہ ان کا ایجنڈا سب کو معلوم ہے۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف قوم کے ساتھ ڈبل گیم کر رہے ہیں، ایک طرف وہ شہباز شریف اور وزرا کو ان کے خلاف بیان دیتے ہیں دوسری طرف ملنے کا پیغام دیتے ہیں تاہم جلد نواز شریف کی جمہوریت دشمن پالیسیوں پر چارج شیٹ جاری کردیں گے۔
آصف زرداری نے دعویٰ کیا کہ نواز شریف جمہوری نظام کو سبوتاژ کر کے سیاسی شہید بننا چاہتے ہیں اور وہ کچھ عالمی طاقتوں کے ایجنڈے کو آگے بڑھا رہے ہیں۔