اسلام آباد: پیپلزپارٹی کے شریک چیرمین آصف زرداری کا کہنا ہے کہ نوازشریف اداروں سے تصادم کا خطرناک کھیل کھیلنے جارہے ہیں اور اپنی ذات و خاندان کے لیے ملکی سلامتی داؤ پر لگارہے ہیں۔
گزشتہ روز بھی نوازشریف کے عدلیہ سے متعلق بیان پر آصف زرداری نے ان پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ موجودہ حالات میں نوازشریف سے تعاون ملک دشمنی جیسا ہوگا۔
جمعرات کے روز اسلام آباد میں پارٹی رہنماؤں سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے آصف علی زرداری نے کہا کہ نواز شریف اداروں سے تصادم کا خطرناک کھیل کھیلنے جارہے ہیں، وہ پاکستان کو اس طرف لے جا رہے ہیں جہاں کسی سے نہ سنبھل پائے گا۔
انہوں نے کہا کہ نوازشریف اپنی ذات اورخاندان کے لیے ملکی سلامتی داؤ پر لگا رہے ہیں، وہ پارلیمنٹ اور عدلیہ سمیت تمام اداروں کو کمزور کرنا چاہتے ہیں۔
سابق صدر کا کہنا تھا کہ جہاں ریاستی ادارے تباہ ہوں وہاں خانہ جنگی ہوتی ہے، ریاستی ادارے ٹوٹ جائیں تو ملکوں کا حال افغانستان،عراق، لیبیا جیسا ہوتا ہے، جن ملکوں کے ریاستی ادارے ٹوٹے انہیں امریکی، نیٹو افواج بھی نہ سنبھال پائیں۔