برسبین…. آسٹریلیا کے اس مشہور شہر میں جو اپنی خوبصورتی، ہریالی ، شادابی اور جنگلات سمیت مختلف متنوع قسم کے حیوانات اور جدید تعمیرات کیلئے بھی مشہور ہے طرح طرح کے سانپوں او راژدھوں سے بھی آباد ہے۔ وائلڈ لائف فوٹو گرافر نے مقامی جنگل کے اونچے درخت پر ایک اژدھے اور چمگادڑ کو بقاع کی جنگ لڑتے ہوئے دیکھا اورتمام تصاویر اتار کر نیٹ پر جاری کردیںجو دیکھنے سے تعلق رکھتی ہیں۔ برسبین کے قریب واقع جنگل میں پیش آنے والے اس واقعہ میں ایک اژدھے نے اپنے قریب آنے والے چمگادڑ کو پوری سفاکی کیساتھ اپنا شکار بنالیا۔ اژدھے کے انداز سے لگتا تھا کہ وہ بھوکا ہے مگر جب اس نے چمگادڑ کو نگلنے کی کوشش کی تو اس کے بازو گلے میں اٹک گئے پھر بھی اژدھے نے بقیہ حصے کو بھی نگل کر ہی دم لیا۔ یہ تمام تصاویر سانپ پکڑنے کے حوالے سے مشہور مہم جو ٹونی موریسن نے اتاری ہیں۔ جنکا کہناہے کہ اژدھے اور چمگادڑ میں بقاع کی جنگ تقریباًڈیڑھ گھنٹے جاری رہی جس کے بعد چمگادڑ کو اسکا لقمہ بننا ہی پڑا۔واضح ہو کہ آسٹریلیا کی سیر و سیاحت کیلئے آنے والے افراد یہ بخوبی جانتے ہیں کہ یہاں کوئی نہ کوئی عجیب و غریب جانور سامنے آتا ہے اور پورا ملک ایسے عجوبہ جانوروں سے بھرا ہوا ہے۔ تازہ ترین واقعہ بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے۔زبردست مقابلہ آرائی کے بعد چمگادڑ تو ہلاک ہوگیا مگر اژدھے کو اسے پوری طرح سے نگلنے اور ہضم کرنے میں اچھا خاصا وقت درکار ہوا۔