کنوارے لوگ شادی شدہ افراد سے زیادہ صحت مند و خوش؟
دنیا بھر میں کئی سالوں سے یہ بحث جاری ہے کہ شادی انسانی صحت پر اچھے اثرات مرتب کرتی ہے یا نہیں؟ اس بات پر بھی کئی سروے اور تحقیقاتی رپورٹس منظر عام پر آ چکی ہیں کہ شادی شدہ افراد کنوارے لوگوں کے مقابلے زیادہ لمبی عمر پاتے ہیں یا کم؟َ حتیٰ کہ اس بات پر بھی سالوں سے بحث جاری ہے کہ زیادہ خوش زندگی کنوارے لوگ گزارتے ہیں یا شادی شدہ؟ ماضی میں سامنے آنے والی متعدد تحقیقات میں شادی شدہ افراد کو کنوارے لوگوں کے مقابلے زیادہ صحت مند، لمبی عمر پانے اور خوش زندگی گزارنے والے افراد کے طور پر پیش کیا گیا۔ تاہم ایک حالیہ تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ بعض شادی شدہ افراد کے مقابلے کنوارے لوگ زیادہ صحت مند اور خوش زندگی گزارتے ہیں۔ سائنس جرنل سوشل سائنز کوارٹرلی میں شائع اوہائیو اسٹیٹ یونیورسٹی کے ماہرین کی تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق بعض شادی شدہ افراد کنوارے لوگوں کے مقابلے انتہائی کم صحت مند اور غیر مطمئن زندگی گزارتے ہیں۔ تحقیق کے لیے ماہرین نے 1955 اور 1984 کے دوران شادی کرنے والے افراد کی زندگی، صحت اور خوشی کا موازنہ کیا۔ تحقیق کے لیے ماہرین نے افراد کو تین مختلف گروپس میں تقسیم کیا، پہلے گروپ میں وہ افراد شامل تھے، جن کی شادی 4 سے 5 سال تک چل سکی، دوسرے گروپ میں وہ افراد شامل تھے، جن کی شادی 7 سے 9 سال تک جاری رہی، جب کہ تیسرے گروپ میں وہ افراد شامل تھے، جن کی شادی 10 یا اس سے زائد سال تک جاری رہی۔ ماہرین نے شادی شدہ افراد کی شادی کے دورانیے، صحت، خوشی اور کمائی کے موازنے سمیت طلاق یافتہ افراد اور کنوارے لوگوں کی صحت، خوشی اور کمائی کا موازنہ بھی کیا۔ نتائج سے پتہ چلا کہ جن افراد کی شادی کامیاب رہی وہ لوگ سب سے زیادہ صحت مند، خوش اور امیر رہے، ان کی صحت، خوشی اور دولت کنوارے لوگوں سے بھی زیادہ تھی۔ نتائج سے معلوم ہوا کہ طلاق یافتہ افراد اور کنوارے لوگوں میں زیادہ فرق نہیں تھا، البتہ طلاق کی وجوہات اور ذہنی پریشانیوں کے باعث ہر گروپ کے طلاق یافتہ افراد کی زندگی مختلف تھی۔ نتائج کے مطابق وہ شادی شدہ افراد کنوارے لوگوں سے بھی بدتر زندگی گزارتے ہیں جن کی نہ تو طلاق ہوتی ہے، اور نہ ہی ان کی شادی کامیاب ہوتی ہے۔ رپورٹ کے مطابق جن شادی شدہ افراد کی شادی ان کی زندگی کے لیے بوجھ بن جاتی ہے، اور ان کے تعلقات میں شکوک و شبہات، جھگڑے اور مسائل آجاتے ہیں، وہ لوگ کنوارے لوگوں کے مقابلے بیمار اور پریشان زندگی گزارتے ہیں۔