اپنی ہدایات میں بننے والی پہلی فلم ’ارتھ 2‘ کی ریلیز سے قبل پاکستانی اداکار شان شاہد اس کی تشہیر میں کافی مصروف ہیں۔
اس ہی حوالے سے انہوں نے بی بی سی اسٹوڈیو کا دورہ کیا اور میزبان گیتا کرشنہ مرتھی کے سوالات کے جوابات دیے۔ تاہم اس انٹرویو میں شان شاہد کی فلم ’ارتھ 2‘ پر بہت کم ہی بات کی گئی۔ خیال رہے کہ فلم ’ارتھ‘ 1982 میں ریلیز ہوئی تھی جس کی ہدایات مہیش بھٹ نے دی۔ اس ہی فلم کے موضوع پر شان نے ’ارتھ 2‘ بنائی ہے، جس کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ’میں نے فلم کا بنیادی خیال لیا ہے لیکن اس کے اسکرین پلے کو تبدیل کیا ہے‘۔ تاہم اس کے بعد سے وہ ہمیشہ کی طرح بولی وڈ سے جڑے سوالات کے جوابات دیتے نظر آئے۔ جیسے کے اداکار سے ہمیشہ پوچھا جاتا ہے کہ کیا وہ خود کو ہندوستان میں کام کرتے دیکھیں گے، اس بار بھی ان سے ایسا ہی کچھ پوچھا گیا۔ یہ سوال ان سے پہلی بار نہیں ہوا اور بی بی سی کو دیے اس انٹرویو میں بھی شان نے واضح کیا کہ انہیں بولی وڈ میں کام کرنے میں کوئی دلچسپی نہیں۔ شان شاہد نے کہا کہ ’اگر فلم اور موسیقی کی بات کی جائے تو پاکستان میں اس وقت کرنے کو بہت کام موجود ہے، میرا خیال ہے کہ میری ضرورت ہندوستان سے زیادہ پاکستان میں ہے، کیوں کہ ہندوستان میں بہت سے بہترین اداکار موجود ہیں جو اچھی فلمیں بنارہے ہیں، اور اگر میں بھی ہندوستان میں کام کرنے چلا گیا تو پاکستان میں کام کون کرے گا؟‘ اس دوران انہوں نے فواد خان کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے صرف ہندوستانی فلموں میں کام کیا، جبکہ ان کی پاکستانی فلم ’مولا جٹ‘ ابھی بھی مکمل نہیں ہوئی، فواد خان کو پاکستان میں کام کرنا چاہیے۔ شان کا کہنا تھا کہ ’پاکستان میں بہت ٹیلنٹ موجود ہے، ہم یہاں بہت سی فلمیں بنا سکتے ہیں، ہمیں شاہ رخ خان کو اپنی فلموں میں کاسٹ کرنے کی ضرورت نہیں کیوں کہ پاکستان میں ویسے بھی شاہ رخ کی فلمیں ریلیز ہورہی ہیں، کئی ہندوستانی اداکار بھی اب ہولی وڈ میں کام کررہے ہیں تو انڈین فلم انڈسٹری کا کیا ہوگا؟‘ جب گیتا نے ان سے کہا کہ وہ پاکستان کے ساتھ ساتھ ہندوستان کی فلمی انڈسٹری میں بھی کام کرسکتے ہیں، تو شان نے کہا کہ ’جیسا میں نے پہلے کہا کہ اس وقت پاکستانی سینما کو زیادہ کام کی ضرورت ہے، کیوں کہ ہندوستان میں شاندار فنکار موجود ہیں‘۔ شان کی فلم ’ارتھ 2‘ رواں سال 21 دسمبر کو سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔