وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے اسموگ کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے بھارتی پنجاب کے وزیراعلیٰ کو خط لکھ دیا جس میں اس ضمن میں مشترکہ کوششوں کی پیشکش کی گئی ہے۔
شہباز شریف کی جانب سے بھارتی پنجاب کے وزیراعلیٰ امریندر سنگھ کو لکھے گئے خط میں اسموگ کا مسئلہ اٹھایا گیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے موقف اختیار کیا کہ اسموگ کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے دونوں صوبوں کے حکام کو مشترکہ کوششیں کرنی ہوں گی اور روایتی طریقوں کے بجائے سائنسی اور جدید بنیادوں پر اقدامات اٹھانے ہوں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ہر سال اکتوبر اور نومبر کے مہینے میں پاکستان اور بھارت دونوں ملکوں کے عوام کو اسموگ کا سامنا کرنا پڑتا ہے جس سے خاص طور پر بچوں اور بوڑھوں کی صحت متاثر ہوتی ہے، فصلوں پر منفی اثرات پڑتے ہیں اور ٹریفک حادثات بھی رونما ہوتے ہیں۔