اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے سینیٹر اعتزاز احسن نے وزیرخزانہ اسحاق ڈار کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ حدیبیہ پیپر ملز ریفرنس میں سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف ثبوت لندن کے ہسپتال میں پڑے ہیں۔اعتزاز احسن کا کہنا تھا، ‘نواز شریف کے خلاف مجسم ثبوت لندن کے ایک ہسپتال میں ہے اور وہ خود اسحاق ڈار کو واپس نہیں آنے دیں گے’۔
ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی جمہوریت کو ڈی ریل نہیں کر رہی، بلکہ درحقیقت ملک میں جمہوریت نواز شریف کے اقدامات اور اعلیٰ عدلیہ کے خلاف بیانات سے ڈی ریل ہورہی ہے
واضح رہے کہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف پاناما کیس کے فیصلے کی روشنی میں قومی احتساب بیورو (نیب) نے آمدنی سے زائد اثاثے رکھنے کے الزام میں ایک ریفرنس دائر کیا تھا۔
تاہم عدالت میں پیش نہ ہونے پر احتساب عدالت کی جانب سے وزیر خزانہ کو مفرور ملزم قرار دیا جاچکا ہے۔
اسحاق ڈار ان دنوں لندن کے ایک ہسپتال میں زیر علاج ہیں، گذشتہ دنوں ان کے استعفیٰ کا معاملہ بھی کافی گرم ہوا تھا، تاہم انہوں نے وزارت سے استعفیٰ دینے سے انکار کردیا تھا۔