متحدہ عرب امارات کے شہر شارجہ میں ایک پاکستانی شخص نے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایشیائی خاتون کا سونے کا ہار لے کر بھاگنے والے چور کو پکڑ لیا اور اس وقت تک نہیں چھوڑا، جب تک پولیس نہ آگئی۔پاکستانی شہری عبد الاحد عبدالقیوم کی بہادری پر شارجہ پولیس نے انہیں اعزاز سے نوازا۔خلیج ٹائمز کی ایک رپورٹ کے مطابق عبدالاحد عبدالقیوم کو کرنل خلیفہ قلندر نے ‘جرم کو دیکھنے اور خاتون کی حفاظت کرنے پر’ اعزاز دیا۔رپورٹ کے مطابق اس موقع پر کرنل قلندر کا کہنا تھا کہ معاشرے میں سیفٹی اور حفاظت کے حوالے سے آگاہی بیدار کرنے سے سیکیورٹی سروسز میں بہتری آتی ہے۔ساتھ ہی انہوں نے جرائم پیشہ افراد کو پکڑنے میں کمیونٹی کے افراد کے کردار پر بھی زور دیا۔واضح رہے کہ شارجہ پولیس پہلے ہی پولیس اور عوام کے درمیان رابطے کو مضبوط بنانے کے سلسلے میں متعدد اقدامات اٹھاچکی ہے۔