Site icon روزنامہ کشمیر لنک

نئی دہلی۔۔شعیب اختر،سہواگ و دیگرکے ہمراہ سوئٹزرلینڈ میں برف پر کرکٹ کھیلیں گے

آئی سی سی کی اجازت سے ٹورنامنٹ 8اور9فروری کو مورنز کی منجمد جھیل پر کھیلا جائیگا
ٹورنامنٹ میں شعیب اختر،سہواگ،ملنگا،جے وردھنے جیسے بڑے نام ماحول کو گرمائیںگے
قومی کرکٹ ٹیم کے سابق مایہ ناز فاسٹ بولر شعیب اختر دیگر غیرملکی سٹارز کے ہمراہ سوئٹزرلینڈ میں برف پر کرکٹ کھیلیں گے۔الپائن ریزورٹ پر آئندہ برس فروری میں دو ٹوئنٹی 20 میچز کھیلے جائیں گے، وریندرسہواگ، مہیلا جے وردنے، لسیتھ مالنگا، جیک کیلس جیسے کھلاڑی ٹھنڈے ماحول کو اپنے ایکشن سے گرمائیں گے، کھلاڑیوں کو50ہزار ڈالر تک معاوضہ ادا کیا جائے گا۔یہ میچز 8اور 9فروری کو سینٹ مورٹز کی ایک منجمدجھیل پر کھیلے جائیں گے۔اس میں شعیب اختر، وریندرسہواگ، محمد کیف، مہیلا جے وردھنے، لاسیتھ مالنگا، مائیک ہسی، گریم سمتھ، جیک کیلس، ڈینیئل ویٹوری، ناتھن میک کولم، گرانٹ ایلوئٹ، مونٹی پنیسر اور اویس شاہ جیسے کھلاڑی حصہ لیں گے۔ اس ایونٹ کو سینٹ مورٹز آئس کرکٹ کا نام دیا گیا اور اس کا اہتمام ایک بھارتی سپورٹس فرم نے کیا، جس کا دعوی ہے کہ اس نے آئی سی سی سے اجازت لے لی ہے۔ گذشتہ روز اس ایونٹ کی رونمائی ہوئی جس میں سہواگ بھی شریک تھے، انھوں نے کہاکہ میں نے برف پر2 میچز کھیلنے کیلئے ہاں کرنے میں دو منٹ بھی نہیں لیے، یہ میرے لیے ایک دلچسپ تجربہ ہوگا۔واضح رہے کہ یہ میچز سرخ گیند کے ساتھ کھیلے جائیں گے، باقی کرکٹ سامان وہی رہے گا تاہم اسپائیکس کے بجائے عام سپورٹس شوز پہنے جائیں گے، سٹار پلیئرز کو 40 سے 50 ہزار ڈالرز جبکہ باقی کو 20 سے 30 ہزار ڈالر معاوضہ ادا کیا جائیگا۔

Exit mobile version