سربراہ پاک فوج جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ دھرتی ماں کو دہشت گردوں سے نجات دلانے کے لئے ہمارا عزم کبھی کمزور نہیں ہوگا۔
ترجمان پاک فوج میجر جنرل آصف غفور نے سماجی رابطہ سائٹ ٹوئٹر پر ایک ٹوئٹ کی جس میں بتایا کہ سربراہ پاک فوج جنرل قمر جاوید باجوہ نے شہید ایڈیشنل آئی جی محمد اشرف نور کی شہادت پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
آرمی چیف نے کہا کہ اے آئی جی اشرف نور کی قربانی کو سلام پیش کرتے ہیں۔
سربراہ پاک فوج نے کہا کہ دھرتی ماں کو درپیش خطرات کے خلاف ہمارا عزم کبھی کمزور نہیں ہوگا۔خیال رہے کہ ایڈیشنل آئی جی خیبرپختونخوا پولیس اشرف نور کو پشاور کے علاقے حیات آباد میں اُس وقت خودکش حملے کا نشانہ بنایا گیا جب وہ گھر سے آفس جارہے تھے۔
تاتارا پارک کے قریب خودکش حملہ آور نے اپنی موٹر سائیکل ان کی گاڑی کو ٹکرا دی جس کے نتیجے میں اے آئی جی اشرف نور کی گاڑی دھماکے سے مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔