کوئٹہ: سریاب روڈ پر سیکیورٹی فورسز کی گاڑی پر خودکش حملے میں 4 افراد شہید اور متعدد زخمی ہوگئے۔کوئٹہ کے علاقے سریاب روڈ پر بس اڈے کے قریب دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں ایک بچے سمیت 4 افراد شہید ہوگئے۔
پولیس کے مطابق دھماکا خودکش حملہ ہے جس میں حملہ آور نے فورسز کی گاڑی کو سریاب پل کے قریب نشانہ بنایا۔
پولیس کا کہنا ہےکہ حملہ آور پہلے سے ہی سریاب پل پر موجود تھا جو ایف سی کی گاڑی کو آتے دیکھ کر پیدل چلتے ہوئے اس کے قریب گیا اور خودکو دھماکے سے اڑا لیا۔
پولیس کے مطابق دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی اور اس سے قریب کھڑی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا جس کے نتیجے میں 5 ایف سی اہلکاروں سمیت 19 افراد زخمی بھی ہوئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ آور کا نشانہ کمانڈنٹ ایف سی تھے لیکن وہ گاڑی میں موجود نہیں تھے۔
دھماکے کے بعد پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے لیا جب کہ ریسکیو اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں اور شہید ہونے والوں کو سول اسپتال کوئٹہ منتقل کیا۔
جائے وقوعہ پر بم ڈسپوزل اسکواڈ کو بھی طلب کرلیا گیا ہے اور شواہد اکٹھا کیے جارہے ہیں جب کہ جائے وقوعہ پر خودکش بمبار کے اعضا کو تحویل میں لے لیا گیا ہے۔