دہشت گردی کے خلاف جنگ کے لیے سعودی عرب کی سربراہی میں قائم اسلامی ممالک کی افواج کے اتحاد کی افتتاحی تقریب آج ریاض میں ہوگی۔
سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اسلامک ملٹری کاؤنٹر ٹیررزم کولیشن ( آئی ایم سی ٹی سی) کے اجلاس کا افتتاح کریں گے۔
آئی ایم سی ٹی سی کے سیکریٹری جنرل لیفٹننٹ عبداللہ الصالح کا کہنا ہے کہ اس اجلاس میں آپریشنز کا افتتاح کیا جائے گا۔
پاک فوج کے سابق سربراہ جنرل (ر) راحیل شریف آئی ایم سی ٹی سی کے ملٹری کمانڈر ہیں جن کا کہنا ہے کہ 21 ویں صدی میں خصوصاً مسلم ممالک کو سب سے بڑا چیلنج دہشت گردی کے خطرناک رجحان سے مقابلہ ہے۔
جنرل (ر) راحیل شریف کے مطابق آئی ایم سی ٹی سی کا نقطہ نظر 4 اہم امور پر مشتمل ہے جن میں نظریہ، رابطہ، انسداد دہشت گردی فوج اور اس کا مالی تعاون کرنا شامل ہے تاکہ تمام قسم کی دہشت گردی اور انتہا پسندی سے لڑا جاسکے اور امن کو بحال کرنے کی عالمی کوششوں میں اپنا کردار ادا کیا جاسکے۔
سعودی دارالحکومت ریاض میں اسلامی ممالک کے فوجی اتحاد کی تقریب میں 41 رکن ملکوں کے وزرائے دفاع بھی شرکت کریں گے۔
Load/Hide Comments