اسلام آباد: وفاقی وزیرداخلہ احسن اقبال کا کہنا ہےکہ جس قانون کے حوالے سے تمام معاملہ ہوا اس کوتمام جماعتوں نے مل کر پاس کیا لیکن چند جماعتوں نےاس قانون پر سیاست کی اور ان جماعتوں نے معاملے سے خود کوالگ کرکےحکومت کوپھنسانے کی کوشش کی۔
وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا کہ اب معاملات طےپاگئے ہیں، مظاہرین زیادہ ترجہگوں کو خالی کرچکے ہیں، امید ہے شام تک ساری چیزیں نارمل ہوجائيں گی۔
انہوں نے کہا کہ دھرنا ہمارے لیے بحیثيت قوم بہت سارے سوالات چھوڑ کر جارہا ہے، دھرنے کے دوران لوگوں کواشتعال دلایا گیا اور گھروں پرحملے کیے گئے جب کہ جن کے گھروں پر حملے کیے گئے وہ بھی مسلمان اور ختم نبوت پریقین رکھتے تھے۔وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ سیاسی قیادت کی اونر شپ کے بغیر آپریشن کیا گیا، ایگزیکٹو کو ذمہ داریوں کی ادائیگی کے لیے موقع دینا چاہیے، جب دوسرے ادارے ایگزیکٹو کو موقع نہیں دیں گے تو کارکردگی بہتر نہیں ہوسکتی۔
انہوں نے مزید کہا کہ جس قانون کے حوالے سے تمام معاملہ ہوا اس کوتمام جماعتوں نے مل کر پاس کیا، چند جماعتوں نےاس قانون پر سیاست کی،ان کا فرض تھا زاہد حامد کی پشت پرکھڑے ہوتے، یہ اکیلے زاہد حامد کی ذمے داری نہیں تھی وہ صرف پیغام رساں تھے، زاہدحامد پارلیمانی کمیٹی کے مسودے کوایوان میں پیش کرنے کے پابند تھے۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کی جماعتوں بشمول مذہبی جماعتوں کواس معاملے میں اونر شپ لینی چاہیے تھی، ان جماعتوں نے معاملے سے خود کوالگ کرلیا اور حکومت کوپھنسانے کی کوشش کی، ان سیاسی جماعتوں نے تماشائیوں والا کردارادا کیا۔