چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول زرداری نے پارٹی کے یوم تاسیس کی تیاریوں میں رکاوٹ ڈالنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ(ن)لیگ حکومت ہوش کے ناخن لیں اور اوچھے ہتھکنڈوں سے باز آئے۔اپنے بیان میں چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول زرداری نے کہا کہ اسلام آباد انتظامیہ کی اجازت کے باوجود حکومتی ایما پر ہمارے یوم تاسیس کے جلسے میں رکاوٹیں ڈالی جا رہی ہیں. وفاقی دارالحکومت سے پی پی کے پرچم اور بینر اتارے جا رہے ہیں اس کے علاوہ سرکاری ملازمین کو جان بوجھ کر پیپلزپارٹی کارکنوں سے الجھایا جا رہا ہے۔بلاول کا کہنا تھا کہ جلسہ اور اس کی تشہیر کرنا پاکستان پیپلز پارٹی کاجمہوری حق ہے ،اگر کوئی یہ سمجھتا ہے کہ چند پولیس والوں کو بھیج کر جیالوں کو ڈرا دے گا تو وہ اس کی بھول ہے۔ چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ ان کا ہر عمل آئین ، قانون اور جمہوری روایات کے دائرے میں ہے. تاریخ شاہد ہے کہ جیالوں سے جمہوری حق چھینا جاتا ہے تو پھر دمادم مست قلندر ہوتا ہے.انہوں نے جیالوں کو ہدایت کی کہ اسلام آباد کی شہری انتظامیہ کی رکاوٹوں کی باوجود پریڈ گریڈ جلسے کی تیاریاں تیز کی جائیں۔چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول زرداری نے پانچ دسمبر کے گولڈن جوبلی جلسے کی تیاریوں میں رکاوٹ ڈالنے کی مذمت کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ(ن) لیگ حکومت ہوش کے ناخن لے اور اوچھے ہتھکنڈوں سے باز آئے۔دوسری جانب پیپلزپارٹی جنوبی پنجاب کے صدر و سابق گورنر پنجاب مخدوم احمد محمود کا کہنا ہے کہ پارٹی کے پچاسواں یوم تاسیس کی تقریب 5پانچ دسمبر کو اسلام آباد پریڈ گراونڈ میں ہی ہو گی اور اس حوالے سے پروگرام میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔ یوم تاسیس بھرپور انداز سے منایا جائے گا ۔