Site icon روزنامہ کشمیر لنک

نگراں وزیراعظم جسٹس (ر)ناصر الملک نے عہدے کا حلف اٹھالیا

صدر ممنون حسین نے ناصر الملک سے عہدے کا حلف لیا
شاہد خاقان عباسی کو وزیراعظم ہائوس میں تینوں مسلح افواج کے دستوں نے گارڈ آف آنر پیش کیا
شاہد خاقان عباسی نے وزیراعظم ہاوس سے روانگی پر اپنے عملے سے بھی الوداعی ملاقاتیں کیں
سابق چیف جسٹس ناصر الملک نے نگراں وزیراعظم کے عہدے کا حلف اٹھالیا ہے۔ حلف برداری کی تقریب ایوان صدر میں ہوئی جس میں صدر ممنون حسین نے ناصر الملک سے عہدے کا حلف لیا، جسٹس ناصر الملک پاکستان کے ساتویں نگراں وزیراعظم منتخب ہوئے ہیں، حلف برداری کی تقریب میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، سینیٹ کے چیئرمین، ارکان قومی اسمبلی، گورنرز،ججز اور چیئرمین جوائنٹس چیفس آف اسٹاف کمیٹی سمیت مسلح افواج کے تینوں سربراہان نے شرکت کی۔تقریب حلف برداری سے قبل سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو وزیراعظم ہائوس میں تینوں مسلح افواج کے دستوں نے گارڈ آف آنر پیش کیا جب کہ شاہد خاقان عباسی نے وزیراعظم ہاوس سے روانگی پر اپنے عملے سے بھی الوداعی ملاقاتیں کیں۔واضح رہے کہ پاکستان کی تاریخ میں دوسری حکومت اپنی 5 سالہ آئینی مدت پوری کرنے کے بعد گزشتہ رات ختم ہوگئی تھی جس کے ساتھ ہی قومی وصوبائی اسمبلیاں اور وفاقی کابینہ بھی تحلیل ہوگئی ہیں۔پاکستان میں مسلسل دوسری جمہوری حکومت نے اپنی 5 سالہ مدت پوری کی جس کے ساتھ ہی مسلم لیگ (ن)کی حکومت ملک میں دوسری آئینی مدت پوری کرنے میں کامیاب ہوئی اس سے قبل پاکستان پیپلزپارٹی کی حکومت نے 2013 میں اپنی 5 سالہ آئینی مدت پوری کی تھی۔

Exit mobile version