سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز نے ظلم و بربریت کا مظاہرہ کرتے ہوئے کشمیری نوجوانوں پر گاڑی چڑھا دی، جس کے نتیجے میں ایک نوجوان شہید جبکہ ایک زخمی ہوگیا۔ سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کی ایک گاڑی نے اس وقت مذکورہ نوجوانوں کو کچلا، جب کشمیری مظاہرین پولیس کے ہاتھوں ایک جامع مسجد کی بے حرمتی پر احتجاج کر رہے تھے۔شہید نوجوان کی شناخت قیصر بٹ جبکہ زخمی کی شناخت یونس احمد کے نام سے کی گئی ہے۔اس واقعے کے بعد مقبوضہ کشمیر میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی ہے اور واقعے کی تصاویر سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہیں۔مقتول نوجوان اپنے والدین کی وفات کے بعد سے گزشتہ 4 سالوں سے اپنی بہنوں اور ایک آنٹی کے ہمراہ سری نگر کے علاقے دل گیٹ میں رہائش پذیر تھا۔ واقعے کے خلاف مقبوضہ کشمیر میں آج مکمل ہڑتال ہے اور حریت کانفرنس کی اپیل پر کاروباری مراکز بند رہیں گے۔ رواں برس مئی 2018 تک بھارتی فورسز کے ہاتھوں 31 کشمیری شہید ہوچکے ہیں، جن میں ایک خاتون اور 6 نوعمر بچے بھی شامل ہیں۔
اس عرصے میں پیلٹ گنوں اور فائرنگ کے نتیجے میں 314 کشمیری زخمی بھی ہوئے۔