خواہش تھی وزیراعظم لاہور، ملتان اور سکھر موٹر وے کا افتتاح کرتے مگر بنانے والوں نے تاخیر کردی
وفاق اور پنجاب میں 39میگا منصوبے شروع کئے، نیلم، جہلم اور تربیلا 4 کو مکمل کیا
حیدرآباد کراچی موٹروے بن چکی ہے، کچھی کینال کا تاریخی منصوبہ مکمل کیا
لواری ٹنل پہلے سال میں 6ماہ بند رہتی تھی اور اب سارا سال کھلی رہتی ہے، ہم تو نیب کورٹ میں پھنسے ہیں ورنہ آپ کو لے کر جاتا سیر کراتا
چترال والے پہلے آہی نہیں سکتے تھے لیکن اب وہاں بجلی بھی آگئی اور پاور پلانٹ بھی لگ گیا،صحافیوں سے غیررسمی گفتگو
اسلام آباد(صباح نیوز) سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہکون تھا جوملک کواندھیروں میں ڈبوگیا جب تک ہماری حکومت تھی توسب ٹھیک تھا، سب کچھ ٹھیک چھوڑ کر گئے، ہم اپنے دور کے ذمہ دار ہیں بہت احسن طریقے سے کام کیا ، وفاق اور پنجاب میں 39میگا منصوبے شروع کئے، نیلم، جہلم اور تربیلا 4کو مکمل کیا، گوادر کوئٹہ سڑک بنائی، برہان سے ڈی آئی خان تک سڑک زیر تعمیر ہے ۔پیر کواحتساب عدالت میں العزیزیہ ریفرنس کی سماعت میں پیشی کے موقع پر صحافیوں سے غیررسمی گفتگو کے دوران نواز شریف نے کہا کہ میں صرف یہ کہتا ہوں جب تک ہماری حکومت تھی تو سب ٹھیک تھا، آخری دنوں میں شہباز شریف اور شاہد خاقان عباسی نے بہت سے منصوبوں کے افتتاح کیے۔نواز شریف نے کہا کہ وفاق اور پنجاب میں 39میگا منصوبے شروع کئے، نیلم، جہلم اور تربیلا 4کو مکمل کیا، گوادر کوئٹہ سڑک بنائی، برہان سے ڈی آئی خان تک سڑک زیر تعمیر ہے، یونیورسٹیاں اور ہسپتال الگ ہیں، کیا یہ کام کسی ماضی کی حکومت نے کیے اور کیا کسی نے موٹر ویز بنائی، کون تھا جو ملک کو اندھیروں میں ڈبو گیا اور کون تھا جو روشنیاں واپس لایا۔سابق وزیراعظم نے کہا کہ خواہش تھی کہ وزیراعظم لاہور، ملتان اور سکھر موٹر وے کا افتتاح کرتے مگر بنانے والوں نے تاخیر کردی، یہ منصوبے مئی 2018میں مکمل ہونا تھے، میں ہوتا تو شاید تاخیر نہ ہوتی،کون تھا جوروشنیاں واپس لایا اورکون تھا جوملک کواندھیروں میں ڈبوگیا۔نوازشریف نے کہا کہ کیا یہ کام کسی ماضی کی حکومت نے کئے، کیا موٹروے پرکسی اورحکومت کا نام لکھا ہے، کیا کسی اورحکومت نے موٹروے بنائی،۔نواز شریف نے کہا کہ حیدرآباد کراچی موٹروے بن چکی ہے، کچھی کینال کا تاریخی منصوبہ مکمل کیا، لواری ٹنل دیکھ لیں جس کی وجہ سے چار گھنٹے سفر کم ہوا ہے، لواری ٹنل پہلے سال میں 6ماہ بند رہتی تھی اور اب سارا سال کھلی رہتی ہے۔سابق وزیراعظم نے صحافیوں سے کہا کہ ہم تو نیب کورٹ میں پھنسے ہیں ورنہ آپ کو لے کر جاتا لواری ٹنل کی سیر کراتا۔نواز شریف نے کہا کہ چترال والے پہلے آہی نہیں سکتے تھے لیکن اب وہاں بجلی بھی آگئی اور پاور پلانٹ بھی لگ گیا۔