راولپنڈی: ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ پاکستان کی امن کی خواہش کو ریاست، حکومت اور فوج کی سطح پر کمزوری نہ سمجھا جائے۔راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے میجر جنرل آصف غفور کا کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے زیادہ تر عام شہریوں کو نشانہ بناتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے پہلی گولی آنے پر نقصان نہ ہو تو کوئی جواب نہیں دیں گے، بھارت کی جانب سے اگر دوسری گولی آئی تو پھر بھرپور جواب دیں گے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ بھارت نے 13 برس میں 2 ہزار سے زائد بار جنگ بندی کی خلاف ورزی کی اور صرف 2018 میں 1 ہزار 77 سیز فائر خلاف ورزیاں ہو چکی ہیں۔میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ بھارت اور پاکستان دونوں ایٹمی طاقت ہیں اور ہماری امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔
انہوں نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ ڈی جی ایم اوز نے جن باتوں پر اتفاق کیا ہے اس پر عمل کیا جائے اور پاکستان سیز فائر سمجھوتے کی پاسداری کرنا چاہتا ہے۔
ان کا کہان تھا کہ پاکستانی عوام، سیکیورٹی فورسز اور میڈیا نے سیز فائر کے معاملے پر انتہائی ذمہ داری کا مظاہرہ کیا جسے بھارتی میڈیا نے پاکستان کی جانب سے خلاف ورزی قرار دیا۔