پشاور، نوشہرہ اور مردان سمیت خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں 14، 14گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔پشاور کے علاقے پچھگی میں لوڈ شیڈنگ سے ستائے عوام گزشتہ رات سڑکوں پر آگئے اور ٹائر جلا کر سڑک بلاک کر دی۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ کئی کئی گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے جو سراسر زیادتی ہے۔مظاہرین نے مین روڈ کو 3 گھنٹوں کے لیے بند کردیا، جس کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔اس دوران پتھراؤ سے ایک پولیس اہلکار زخمی بھی ہوا، جسے طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔بعدازاں پولیس کی جانب سے آنسو گیس کی شیلنگ کے بعد مظاہرین منتشر ہوگئے۔