ریحام خان کی آنے والے کتاب کا تنازعہ بڑھتا ہی جا رہا ہے، اب عمران خان کے پولٹیکل سیکرٹری اور انکے قریبی دوست نے بھی سوشل میڈیا پر ریحام خان کو بھر پور جوا ب دیا ہے۔
عون چوہدری کا اپنے ٹویٹ میں کہنا ہے کہ اب وقت آگیا ہے کہ ریحام خان کی ذہنیت اور وارداتیں عوام کے سامنے لائی جائیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ ریحام خان پیسے اور طاقت کے لئے ایک لالچی خاتون ہیں اور دونوں چیزوں کے حصول کے لئے انہیں بہت جلدی ہے۔عون چوہدری نے کہا کہ ریحام خان کی آنے والی کتاب جھوٹ اور گندگی سے بھرپور ہے، ریحام خان کی جانب سے اپنی فلم کے لئے پارٹی رہنما علیم خان سے ایک کروڑ کی ڈیمانڈ کا میں خود گواہ ہوں جبکہ ریحام خان نے ہمارے ایک پارلیمنٹرین سے بھی فرنیچر کے لئے لاکھوں روپے کے قرض کے لئے رابطہ کیا جو بعد میں کبھی واپس نہیں کیا گیا۔عمران خان کے پولٹیکل سیکرٹری نے الزام عائد کیا کہ ریحام خان نے کراچی میں شوکت خانم کے ڈونر سے بھی رقم کے حصول کے لئے رابطے کیے۔ انہوں نے الزام عائد کیا ہے کہ ریحام نے خیبر پختونخواہ حکومت کے معاملات میں بھی مداخلت کی اور سیف سٹی منصوبے کے لئے ایک غیر ملکی کمپنی سے ڈیل کی کوشش کی اور دو ملین ڈالر کک بیک کا مطالبہ کیا یہ وہ وقت تھا جب وہ ریحام کی سرگرمیوں کے بارے میں عمران خان کو آگاہ کرنے پر مجبور ہوئے اور بتایا کہ ریحام خان کیا کر رہی ہیں جس پر عمران خان نے فوری طور پر اسکے تمام منصوبوں کو رکوا دیا۔