فلسطین کے شدید احتجاج کے بعد ارجنٹینا کی نیشنل فٹبال ٹیم نے ورلڈ کپ سے قبل اسرائیل سے کھیلا جانے والے دوستانہ میچ منسوخ کردیا۔ورلڈ کپ کی تیاریوں کے سلسلے میں اسرائیل اور ارجنٹینا کے درمیان 9 جون کو مقبوضہ بیت المقدس کے ٹیڈی اسٹیڈیم میں دوستانہ میچ ہونا تھا، جو ورلڈ کپ سے قبل ارجنٹینا کا آخری وارم اپ میچ تھا۔فلسطین کی جانب سے شدید احتجاج سامنے آنے کے بعد ارجنٹینا کی فٹبال ایسوسی ایشن نے 9 جون کو ہونے والا میچ منسوخ کردیا۔ارجنٹینا کی اسپورٹس ویب سائٹ ‘مینیٹونو’ کے مطابق قومی فٹبال ٹیم کے کپتان لیونل میسی کی ہدایت پر مقبوضہ بیت المقدس میں اسرائیل کے ساتھ ہونے والا میچ منسوخ کیا گیا ہے۔ دوسری جانب ارجنٹینا میں فلسطینی سفیر حسنی عبدالوحید نے دوستانہ میچ کی شدید مخالفت کی تھی، جن کا کہنا تھا کہ ارجنٹینا اور اسرائیل کے درمیان اگر میچ ہوا تو اسے اسرائیل کے 70 سالہ قیام پر جشن کے مترادف سمجھا جائے گا۔