لندن: پاکستانی مصنفہ کاملہ شمسی نے برطانیہ میں اپنے ناول ‘ہوم فائر’ کے لیے 2018 کا ویمن پرائز فار فکشن جیت لیا۔ہوم فائر پاکستانی مصنفہ کاملہ شمسی کا ساتواں ناول ہے اور وہ مختلف ایوارڈز کے لیے تین بار نامزد ہوئیں لیکن اس بار ان کی کتاب کو سال کی بہترین کتاب قرار دیتے ہوئے ویمن پرائز فار فکشن 2018 کا ایوارڈ دیا گیا ہے۔کاملہ شمسی یہ ایوارڈ جیتنے والی پہلی پاکستانی خاتون ہیں، اس سے قبل انہیں بیلز پرائز اور اورنج پرائز کے لیے بھی نامزد کیا گیا تھا۔پاکستانی مصنفہ کا ناول بنیاد پرستی اور خاندانی وفاداریوں کے بارے میں ہے جس میں وفاداریوں میں تصادم، محبت اور سیاست کو بھی موضوع بنایا گیا ہے۔کاملہ شمسی کراچی میں پیدا ہوئیں اور ابتدائی تعلیم وہیں حاصل کی جس کے بعد وہ لندن منتقل ہوگئیں اور ان دنوں وہیں مقیم ہیں۔یاد رہے کہ ویمن پرائز ایوارڈ کو دیے جانے کا آغاز 1996 میں ہوا اور مقابلہ جیتنی والی مصنفہ کو 30 ہزار برطانوی پاؤنڈ بھی ملتے ہیں۔