اسلام آباد: سابق وزیراعظم نوازشریف نے اصغر خان کیس کے سلسلے میں سپریم کورٹ میں پیش نہ ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔سپریم کورٹ نے اصغر خان کیس کی گزشتہ سماعت پر سابق وزیراعظم نوازشریف کو عدالت طلب کیا تھا تاہم وہ پیش نہ ہوئے جس کے بعد عدالت نے نوازشریف کو وکیل کرنے کی مہلت دے دی جب کہ کیس کے فریقین کو ایک ہفتے میں جواب داخل کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔ذرائع کےمطابق نوازشریف نے قانون ماہرین سے مشاورت کے بعد اصغر خان کیس میں پیش نہ ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ میں بیرسٹر ظفراللہ اور منور اقبال ایڈووکیٹ نوازشریف کی نمائندگی کریں گے اور سابق وزیراعظم کی طرف سے ان کے وکلا جواب جمع کرائیں گے۔واضح رہے کہ اصغر خان کیس کی سماعت اب 12 جون کو ہونا ہے، گزشتہ سماعت پر عدالت نے 21 سویلین کو نوٹس جاری کیے تھے۔