اسلام آباد: احتساب عدالت میں ایون فیلڈ ریفرنس کی سماعت کے بعد سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے ملک کو جوہری طاقت بنایا اور ہمارا ہی نام ای سی ایل میں ڈالا جا رہا ہے جس نے اس ملک کا آئین توڑا ، اسے خوش آمدید کہا جا رہا ہے۔ نیب عدالت کے باہر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے قائد کا کہنا تھا کہ اگر میرا نام ای سی ایل میں شامل کرنا چاہتے ہیں تو کر دیں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے میری مرضی کا وکیل رکھنے کا حق ہے اور یہ مجھ سے کوئی نہیں چھین سکتا۔ نواز شریف کا کہنا تھا کہ ہماری تقریباً 100 سے زیادہ پیشیاں ہو چکی ہیں تاہم اگر کوئی یہ سمجھتا ہے کہ ہم اس طرح سے جھک جائیں گے یہ تو غلط فہمی دور کرلیں۔