Site icon روزنامہ کشمیر لنک

پرویز مشرف کے این اے ایک چترال سے کاغذات نامزدگی مسترد

سابق آرمی چیف کو روبرو پیش نہ ہو نے سپریم کورٹ نے انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت کا حکم واپس لے لیا
مشرف نااہل ہونے کی وجہ سے الیکشن میں حصہ نہیں لے سکیں گے تاہم انتخابات میں بھرپور حصہ لینگے، ڈاکٹر امجد
چترال آل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق صدر و آرمی چیف پرویز مشرف کے این اے ایک چترال سے کاغذات نامزدگی کو مسترد کردیا گیا ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق صدر پرویز مشرف کی جانب سے این اے 1 چترال کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے تھے جس کو ریٹرننگ افسر نے مسترد کردیا جب کہ اے پی ایم ایل کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر امجد کے کاغذات نامزدگی این اے 1 کیلئے منظور کرلیے گئے ۔ آل پاکستان مسلم لیگ کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر امجد نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ پرویز مشرف نااہل ہونے کی وجہ سے الیکشن میں حصہ نہیں لے سکیں گے تاہم ہم انتخابات میں بھرپور حصہ لیں گے اور اس بار کوئی بائیکاٹ نہیں ہوگا۔ ڈاکٹر امجد نے کہا کہ پرویز مشرف واپس آنا چاہتے تھے مگر راہ میں رکاوٹ پیدا کی جا رہی ہے، پرویز مشرف کا شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بلاک کردیا جاتا ہے تاہم پرویز مشرف انتخابات سے قبل ملک واپس آسکتے ہیں۔واضح رہے کہ پرویز مشرف نے سپریم کورٹ میں اپنی تاحیات نااہلی کے خلاف اپیل دائر کی جس کی سماعت کے دوران سپریم کورٹ نے انہیں 13 جون کو لاہور طلب کرتے ہوئے الیکشن لڑنے کی اجازت دی تھی۔ تاہم سابق آرمی چیف عدالت کے روبرو پیش نہ ہوئے جس پر سپریم کورٹ نے انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت کا حکم واپس لے لیا۔

Exit mobile version