آسٹریلوی عدالت نے معروف موبائل کمپنی ایپل پر صارفین کو دھوکا دینے کے جرم میں 9 ملین آسٹریلین ڈالر کا جرمانہ عائد کردیا۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق آسٹریلوی عدالت نے معروف موبائل فون کمپنی ایپل پر آئی فونز اور آئی پیڈز میں پیدا ہونے والی خرابی کی درستگی سمیت دیگر خدمات فراہم کرنے کے اختیارات صارفین کو آگاہ کیے بغیر ہی تھرڈ پارٹی کو تفویض کرنے پر 9 ملین آسٹریلین ڈالر کا جرمانہ عائد کردیا۔ آسٹریلیا میں صارفین کی ایک نجی تنظیم کی جانب سے ایپل کمپنی پرعدالت میں کیس داخل کیا گیا تھا۔ایپل کے ترجمان نے آئی فونز اور آئی پیڈز کے وارنٹی کلیم، فون کی تبدیلی اور دیگر خرابیوں کی درستگی کے سلسلے میں 275 صارفین کو گمراہ کیے جانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ یہ انتظامی غلطی ہے جس میں کمپنی کی بدنیتی یا صارفین کو دھوکا دینے کی خواہش شامل نہیں ایپل کے لیے صارفین کا اعتماد پہلی ترجیح ہے۔آسٹریلیا کی وفاقی عدالت نے ایپل کمپنی کے ترجمان کے موقف کو مسترد کرتے ہوئے صارفین سے غلط بیانی کرنے اور طے شدہ خدمات فراہم نہ کرنے پر کمپنی پر جرمانہ عائد کردیا۔ عدالت نے تفصیل میں کمپنی کو اپنے وعدے کے مطابق 275 صارفین کو خراب فون کی جگہ نئے فون فراہم کرنے کا بھی حکم دیا۔واضح رہے کہ ایپل کمپنی نے موبائل خراب نکل آنے کی صورت میں صارفین کو نئے موبائل فراہم کرنے کی ضمانت دی تھی تاہم صارفین کی جانب سے کلیم کرنے پر انہیں تھرڈ پارٹی سے رجوع کرنے کی ہدایت کی گئی تھی جہاں صارفین کو خراب موبائل فون کے عوض نیا فون دینے کے بجائے مرمت کی پیشکش کی گئی تھی۔