کراچی: سپریم کورٹ نے شہر میں دفاعی اعتبار سے تعمیر کردہ دیواروں سے بھی اشتہار ہٹانے کا حکم دےدیا۔سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں اشتہاری دیواروں سےمتعلق نوٹس کی سماعت ہوئی جس سلسے میں عدالت کے طلب کرنے پر کنٹونمنٹ بورڈ اور آؤٹ ڈور اشتہارات ایسوسی ایشن کےنمائندے پیش ہوئے۔چیف جسٹس نے کنٹونمنٹ بورڈ سے استفسار کیاکہ شہر میں لگی اشتہاری دیواروں کا کیا بنا؟ اس پر حکام نےبتایا کہ اکثر دیواریں گرادی گئی ہیں، شاہراہ فیصل پر بھی کنٹونمنٹ کی حدود میں بنی دیواروں کو گرادیا گیا ہے۔
اس موقع پر آؤٹ ڈور ایڈورٹائزرایسوسی ایشن کے عہدیداران نےکہا کہ ہمارے 15 ارب روپے لگے ہیں اس کا کوئی میکنزم بنائیں۔چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ ہم ایسی کوئی اجازت نہیں دے سکتے، آپ لوگوں نے من مانی جگہوں پر کھمبے اور بورڈز لگاکر شہر کا بیڑہ غرق کردیا تھا، آپ اپنے نقصان کے خود ذمہ دار ہیں، جاکر کوئی اور کاروبار کرنے کا سوچیں۔