Site icon روزنامہ کشمیر لنک

سندھ: عوامی املاک پر وال چاکنگ، سیاسی پرچم اور بینرز لگانے پر پابندی

کراچی: صوبہ سندھ کی نگراں حکومت نے آئندہ ماہ ہونے والے انتخابات کے حوالے سے قواعد و ضوابط جاری کیے ہیں۔ اس حوالے سے ابتدائی طور پر انتخابات کے دورام عوامی املاک پر سیاسی جماعتوں کے جھنڈے، بینرز لگانے اور وال چاکنگ پر پابندی عاید کردی گئی ہے۔نگراں وزیر اعلیٰ سندھ فضل الرحمن کی زیر سربراہی انتخابات 2018ء سے متعلق اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں آئی جی سندھ پولیس امجد جاوید سلیمی اور چیف سیکرٹری میجر (ریٹائرڈ) اعظم سلیمان خان نے انہیں بریفنگ دی۔ چیف سیکرٹری سندھ نے اجلاس میں بتایا کہ الیکشن کمیشن کے مطابق سندھ کے 4ہزار 154 پولنگ اسٹیشنز حساس قرار دیے گئے ہیں ہیں اور ان کی تعداد میں کمی یا اضافی بھی متوقع ہے۔انتخابات کے دوران سیکورٹی سے متعلق چیف سیکرٹری کا کہنا تھا کہ منصوبہ تیار کرلیا گیا ہے اور چیف منسٹر ہاؤس سمیت محکمہ داخلہ میں بھی شکایات سیل کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔ امن و امان سے متعلق سی سی ٹی وی کیمروں کی خریداری اور انسداد دہشت گردی کی عدالتوں میں ججز کے تقرر سمیت کئی دیگر امور بھی زیر غور آئے۔ اس حوالے سے آئی جی سندھ نے بتایا کہ صوبے میں امن و امان کی صورت حال ملک کے دیگر حصوں کی نسبت بہتر ہے۔

Exit mobile version