کراچی: اپیلٹ ٹریبونل نے این اے 243 سے عمران خان کے کاغذات نامزدگی کی منظوری کے خلاف اپیل مسترد کردی جب کہ این اے 95 میانوالی سے چیئرمین پی ٹی آئی کے کاغذات مسترد کرنے پر آر او کو نوٹس جاری کردیا گیا۔چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے عام انتخابات کے لیے اسلام آباد، لاہور، میانوالی اور کراچی سے کاغذات جمع کرائے جن پر اعتراضات دائر کیے گئے۔کراچی کے حلقہ این اے 243 سے عمران خان کے کاغذات نامزدگی کی منظوری کے خلاف سابق چیف جسٹس افتخار چوہدری کی جماعت جسٹس اینڈ ڈیموکریٹک پارٹی کے وہاب بلوچ نے اعتراضات دائر کیے تھے۔ریٹرننگ افسر نے اعتراض کنندہ کے اعتراض مسترد کرتے ہوئے عمران خان کے کاغذات منظور کیے تھے جس پر اعتراض کنندہ نے آر او کا فیصلہ اپیلٹ ٹریبونل میں چیلنج کیا تھا۔اپیلٹ ٹربیونل نے بھی آر او کا چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے کاغذات نامزدگی کی منظوری کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے اپیل کو مسترد کردیا ہے۔