دبئی: سابق صدر پرویز مشرف نےکہا ہےکہ پارٹی کی چیئرمین شپ سے استعفیٰ دیا لیکن سیاست سے کنارہ کش نہیں ہوا۔پرویز مشرف نے گزشتہ روز اپنی جماعت آل پاکستان مسلم لیگ کی چیئرمین شپ سے استعفیٰ دے دیا تھا اور ڈاکٹر امجد کو پارٹی کا چیئرمین مقررکیا تھا۔سابق صدر پرویز مشرف نے چیئرمین شپ چھوڑنے کےبعد ایک ویڈیو پیغام جاری کیا ہے جس میں ان کا کہنا ہےکہ میں نے پارٹی چیئرمین شپ سے استعفیٰ قانونی مشاورت کی روشنی میں دیا لیکن سیاست سے کنارہ کش نہیں ہوا۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر امجدپارٹی چیئرمین اور مہرین ملک آدم سیکریٹری جنرل کے طور پر موزوں ترین ہیں، پارٹی کارکنان انہیں بھرپور سپورٹ کریں۔جنرل (ر) پرویز مشرف کا کہنا تھاکہ وطن واپسی اور انتخابات میں حصہ لینے کا ارادہ تھا مگر ارادے کی تکمیل کی راہ میں رکاوٹیں ہیں۔واضح رہےکہ سپریم کورٹ کے طلب کرنے پر بھی پرویز مشرف وطن واپس نہیں آئے جس پر عدالت نے ان کےکاغذات نامزدگی جمع کرانے کا حکم واپس لے لیا۔